کورونامتاثرین کو فیسوں میں سہولت دیں گے،اخترآرائیں

220

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن سندھ کے صوبائی صدر محمد اختر آرائیں نے کہاہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ والدین کے بچوں کو فیس کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ شہدا کے بچوں کو بھی مفت تعلیم دی جائے گی ،حکومت، اسکولز انتظامیہ اور والدین مل کر تمام صورتحال کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ گزشتہ روز منعقد ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اختر آرائیں نے کہاکہ والدین بچوں کی تعلیم کو خرچہ کے بجائے سرمایہ کاری سمجھیں اور اہمیت دیں، الجھنے کے بجائے والدین اسکولز انتظامیہ سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہاکہ ا سکولوں کو ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی واضح ہدایات کی گئی ہیں، تعلیم کے ساتھ طلبہ،اساتذہ وانتظامیہ کی صحت اہم ہے۔ محمد اختر آرائیں نے کہاکہ بچوں کی تعلیم، صحت اور تحفظ اولین ترجیح ہے، کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں، مالکان، انتظامیہ، ٹیچرز، والدین، طلبہ، سول سوسائٹی اور حکومت نے مل کرایس او پیز کو یقینی بنا کربچوں کو محفوظ بناناہے۔ محمد اختر آرائیں نے کہاکہ لڑکیوں اور آؤٹ آف اسکولز بچوں کی تعلیم کا خصوصی بندوبست کیا جائے، پرائیویٹ اسکولز ایس او پیز پر مکمل عمل کر رہے ہیں جو نجی اسکولز ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کریں گے، ان کے خلاف فیڈریشن سخت کارروائی عمل میں لائے گی۔