پبلک ٹرانسپورٹ میں سلنڈر کی تنصیب عدلیہ کا مذاق ہے‘ حسین محنتی

280

کراچی‘ بدین (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ، اعلیٰ عدلیہ کی طرف سے پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی سلنڈر پر پابندی عاید ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹرز کی طرف سے اس حکم کی دھجیاں
اڑائی جارہی ہیں اور ناقص گیس سلنڈرز نصب کرکے عوام کے جان اور مال سے کھیلنے کی روش جاری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نوری آباد کے قریب وین میں آگ لگنے کے واقعے میں 15افراد کے جھلس کر ہلاک اور5 افراد کے شدید زخمی ہونے پر گھرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔حسین محنتی نے کہا کہ آئے روز سندھ کی سڑکوں پر اس طرح کے خوفناک حادثات اب معمول بن چکے، سندھ کی سڑکیں عوام کے لیے موت کا پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گاڑیوں کے سلنڈر چلتے پھرتے بم بن چکے ہیں، محض گزشتہ کچھ مہینوں کے دوران مختلف شہروں میں درجنوں افراد ایسے واقعات میں جانیں گنوا چکے ہیں،پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں بغیر کسی روک ٹوک کے دنیا کے کسی بھی علاقے سے، کسی بھی طرح کا سلنڈر منگوا کر، کسی بھی شخص سے اپنی گاڑی میں لگوایا جا سکتا ہے، محض چند ہزار روپے کی رشوت دینے سے شعبہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ ادارے ایسے چلتے پھرتے بم والی گاڑیوں کو روٹ پرمٹ جاری کردیتے ہیں جس سے آئے روز کوئی نہ کوئی المناک حادثہ رونما اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے لیکن عوام کی جان ومال کو تحفظ دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ نہیں ،یہی وجہ ہے کہ غیر معیاری سلنڈر بنانے والوں کی چاندی ہے اور انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔یاد رہے کہ پاکستان میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ یعنی 30لاکھ گاڑیاں اس وقت سی این جی پر چل رہی ہیں۔ایک اندازے کے مطابق یہاں ناقص اور غیر معیاری سی این جی سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کی تعداد3 لاکھ سے زائد ہے،40 ہزار والا معیاری سلنڈر استعمال کرنے کے بجائے ٹرانسپورٹر پرانے سلنڈرز کو رنگ کرکے 7 ہزار والا سلنڈر استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ایسے حادثات معمول بن چکے ہیں، اسکول وین اور کوسٹرز میں بھی خستہ حال گیس سلنڈر لگائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے معصوم طلبہ کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہوتا ہے، پنجاب میں متعدد اسکول وین اس قسم کے حادثات ہوچکے جن میں کئی معصوم بچوں کی جانیں چلی گئیں۔پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ اورگاڑیوں میں گیس سلنڈرپھٹنے اوران میں سے گیس کے اخراج کی روک تھام کے لیے سی این اجی ایسوسی ایشن اور صوبائی حکومت کی معاونت سے مؤثراقدامات کرکے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، صوبائی امیر نے اس المناک حادثے میں جاںبحق افراد کی مغفرت، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کے لیے مکمل اور کامل صحتیابی کی دعا بھی کی۔