تمباکو نوشی پھیپھڑو ں کے کینسر کی بڑی وجہ ہے،ڈاکٹرنوشین حامد

296

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ادارہ برائے تحفظ حقوق اطفال اسپارک کے تحت ’’پاکستان میں تمباکو کی روک تھام کی پائیدار پالیسیوں کی ضرورت‘‘کے عنوان سے ایک سیمینار کراچی کے مقامی ہال میں سپارک کراچی کے میڈیا منیجر کاشف مرزا کی جانب سے منعقد کیاگیا۔ ڈاکٹر نوشین حامد، پارلیمانی سیکرٹری، وزارت قومی صحت نے پاکستان میں تمباکو کے استعمال سے متعلق خطرناک حقائق سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ تمباکو نوشی پھیپھڑوں کے کینسر کی ایک بڑی وجہ ہے اور یہ پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ سے ہونے والی 80 فیصد اموات سے منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کا یہ بوجھ خاص طور پر نوجوان آبادی پر پڑ رہا ہے۔ پاکستان میں ہر سال 6 سے 15 سال کی عمر کے تقریباً 1200 بچے تمباکو نوشی شروع کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تمباکو کے استعمال سے ہونے والے صحت کے نقصان کو کم کرنے کے لیے ایک ٹھوس پالیسی کے لیے ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش مند ہے۔