شہر کے گمبھیر مسائل کے حل کے لیے حقوقِ کراچی مارچ آج ہوگا

199

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے تحت عوام کے گمبھیر مسائل کے حل اور کراچی کے آئینی و قانونی اور جائز حق کے حصول کے لیے جاری “حقوق کراچی تحریک” کے سلسلے میں آج 3 بجے دن شاہراہ قائدین پر “حقوق کراچی مارچ” ہوگا۔

مارچ میں شہر بھر سے مرد و خواتین، نوجوان، بچے، بزرگ، مزدور و محنت کش، تاجر، صنعت کار، وکلا، صحافی، ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ و طالبات، اساتذہ، علما کرام، سول سوسائٹی، اقلیتی برادری کے نمائندے، مختلف طبقات و شعبہ زندگی سے وابستہ افراد بہت بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔

مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔ مارچ میں حقوق کراچی تحریک کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل اور اہم اعلان کیا جائے گا۔

مارچ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مارچ میں شہر بھر سے امرائے اضلاع اور مقامی رہنماؤں ذمے داران کی قیادت میں قافلے، جلوس اور ریلیوں کی شکل میں شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔

عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کے پیش نظر جماعت اسلامی کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔ مارچ میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی جن کے لیے علیحدہ انتظام کیا گیا ہے اور شاہراہ قائدین کا ایک ٹریک خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

اللہ والا چورنگی پر کئی کنٹینرز پر مشتمل ایک بہت بڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔