جماعت اسلامی حقوق مارچ، ٹریفک پلان جاری

597

#ISupportHuqooqKhiMarch

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے آج اتوار 27 ستمبر کو حقوق مارچ کا اعلان کیا گیا ہے،  حقوق مارچ کے تناظر میں کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق   ایس ایس پی شہلا قریشی کی ہدایت پر ٹریفک پولیس ایسٹ نے27 ستمبر کو شاہراہ قائدین پر سہ پہر3 بجے جماعت اسلامی پاکستان کے جلسے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور  ٹریفک پولیس کی جانب سے  متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔

سیکورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعےسےنٹمنے کیلیے انتظامات مکمل کرلیے گئے جبکہ مرکزی اسٹیج بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق  شارع فیصل سے شاہراہ قائدین پر آنے والے ٹریفک کو اللہ والی چورنگی سے طارق روڈ پر موڑ دیا جارہا ہے جبکہ  ایم اے جناح روڈ سے سوسائٹی سگنل کی طرف آنے والی گاڑیوں کو کوریڈور 3 سے پیپلز چورنگی کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اسی طرح کشمیر روڈ سے سوسائٹی سگنل کی طرف جانے والوں کو عائشہ عزیز سے پیپلز چورنگی کا راستہ اختیار کرنا ہوگا   اور   طارق روڈ کے اطراف سے خالد بن ولید سگنل کی طرف آنے والی گاڑیوں کو علامہ اقبال سگنل کی طرف موڑا دیا جارہا ہے۔

ٹریفک پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اللہ والی چورنگی سے سوسائٹی سگنل تک شاہراہ قائدین کے دونوں روڈ بند کر دیئے جائیں گے جبکہ شہریوں کو کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستے استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ایس ایس پی ٹریفک ایسٹ نے تمام ڈی ایس پیز اور ایس اوز سمیت افسران و اہلکاروں کو اپنے اپنے مقررہ پوائنٹس پر حاضر رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستے استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

دوسری جانب حقوق مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے جبکہ مارچ میں حقوق کراچی تحریک کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل اور اہم اعلان کیا جائے گا۔

#ISupportHuqooqKhiMarch