منی لانڈرنگ کیس: سلمان شہباز کو ایف آئی اے طلبی کا ایک اور نوٹس جاری

527

لاہور: ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سلمان شہباز کو اگلے ہفتے طلب کرلیا۔ سلمان شہباز کو 25 ستمبر کو ایف آئی اے دفتر لاہور میں بھی طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

ایف آئی اے نے سلمان شہباز کو جاری نوٹس میں کہا ہے کہ وہ یکم اکتوبر تک تمام ضروری دستاویزات ساتھ لائیں۔

تحقیقاتی ٹیم نے سلمان شہباز سے العربیہ شوگر مل سے 10 ارب سے زائد کی مشکوک سرمایہ کاری کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر سلمان شہباز پیش نہیں ہوئے تو سمجھا جائے گا ان کے پاس اپنے دفاع کے لیے کچھ نہیں، سلمان شہباز ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

سلمان شہباز نے نجی نیوز ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ سلمان شہباز نے کہا کہ مجھے ٹیم کا نوٹس ملا ہی نہیں، تحقیقاتی ٹیم لندن آکر میرا انٹرویو کرلے۔

انہوں نے کہا کہ خود پیش ہوں گا یا وکیل کے ذریعے جواب دوں گا اس کا فیصلہ نہیں کیا۔