رات 3 بجے تنظیم سازی کے نتائج ہڈیاں ٹوٹنے کی صورت میں سامنے آتے ہیں

725

راولپنڈی:وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان  کا کہنا ہے کہ واضح پیغام مل گیا کہ جو تنظیم سازی رات کے 3 بجے ہوتی ہے اس کے نتائج بازو اور پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹنے کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ طلال چوہدری نے اپنی ہی جماعت کی خاتون ایم این اے کو ہراساں کر کے ن لیگ کا نام ڈبویا اور لیڈر شپ کا نام روشن کیا، بیگم صفدر اعوان کا امتحان ہے کہ وہ کب طلال چوہدری کو پارٹی سے نکالتی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ طلال چوہدری کی حرکت پر تمام سیاسی جماعتوں کے ورکرز کا سرشرم سے جھک گیا،طلال چوہدری کی بڑھکیں سب کے سامنے ہیں،واقعہ کواتنی آسانی سے نہیں چھوڑا جائے گا،15پرجھوٹی اطلاع دینے والے کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو15پردونوں فریقین کی طرف سے کال موصول ہوئی،ن لیگ اورطلال  چوہدری کی جانب سے لوگوں کومس گائیڈکیاگیا،دونوں جانب سے 15 پر کال کی گئی ہیں جو ریکارڈ میں ہیں اور اب دونوں فریقین بھاگ رہے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی تنظیم سازی ہے جو رات کے 2 یا 3 بجے ہوتی ہے، میں بھی سیاسی کارکن ہوں اور تنظیم سازی بھی کرتا رہا ہوں لیکن اس واقعے سے ایک واضح پیغام ملا ہے کہ رات کو 3 بجے جو تنظیم سازی ہوتی ہے اس کے نتائج بازو اور پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹنے کی صورت میں ہی سامنے آتے ہیں۔

 فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میاں جلیل احمدشرقپوری کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، نوازشریف مجرم ہیں،عدالتوں سے تاحیات نااہل ہوچکے ہیں،مولانا فضل الرحمان کھربوں کی جائیداد کے مالک کے طور پرسامنے آرہے ہیں،فضل الرحمان کا ووٹ بینک 3 اضلاع میں جبکہ جائیداد ہر ضلع میں ہے، فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جس دن اپوزیشن نے استعفادیا اگلے دن الیکشن کا اعلان ہوجائے گا۔