پاکستان ہندو کونسل کا پاکستانی ہندوؤں کے قتل کیخلاف عالمی عدالت جانے کا اعلان

719

اسلام آباد: پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارت میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل پر عالمی عدالت انصاف جانے کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی رمیش کمار نے کہا کہ بھارت میں گزشتہ ماہ قتل کیے گئے 11 پاکستانیوں کو مجبور کیا گیا کہ وہ پاکستان میں مخبری کریں، جس کا انہوں نے انکار کیا تو انہیں قتل کردیا گیا، جلد ہی بھارت کے اس مجرمانہ عمل کے خلاف عالمی عدالت انصاف جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں بھی پٹیشن داخل کروں گا، ہمارا عالمی تنظیموں بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ اس خاندان کے بھارت میں موجود دیگر افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے۔

رمیش کمار کا کہنا تھا کہ بھارت میں قتل ہونے والے خاندان کی خاتون شری متی مکھی کہتی ہیں انصاف نہ ملا تو وہ خود سوزی کرلیں گی۔

خیال رہے کہ 9 اگست 2020 کو بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندو پراسرار طور پر ہلاک کر دیے گئے تھے۔