آباد کے سالانہ انتخابات ،فیاض الیاس چئیرمین اور عارف شیخانہ وائس چئیرمین منتخب

233

کراچی(نمائندہ جسارت)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے سالانہ انتخابات 2020ء 2021ء چیئرمین کی نشست پر فیاض الیاس ‘سینئر وائس چیئرمین کی نشست پر خواجہ محمد ایوب جبکہ وائس چیئرمین کی نشست پر عارف شیخانی منتخب ہوگئے،دانش بن رئوف کو سدرن ریجن، شیرازجے منو کو ناردرن ریجن کا چیئرمین جب کہ کاشف شیخ کو سب ریجن حیدرآباد کا وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آباد ہائوس میں آباد کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا‘جس میں سال 2020ء 2021ء کے لیے تمام ارکان نے متفقہ طور پر سال2020ء 2021ء کے لیے آباد کے نئے عہدیداران کا انتخاب کیا۔ اس موقع پر نومنتخب چیئرمین فیاض الیاس نے تمام ارکان سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے تمام بلڈرز ‘ڈیولپرز اور آباد کے ارکان کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بلا تفریق ارکان کی فلا ح و بہبود کے لیے اور تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آباد کی طاقت ارکان کے باہمی اتحاد پر منحصر ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آباد الیکشن میں ارکان نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔انہوں نے آباد کیارکان کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی شعبے کی ترقی اور ملکی معیشت کے فروغ میں شاندار خدمات پر محسن شیخانی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محسن شیخانی مستقبل میں بھی تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے آباد کے عہدیداران کی سرپرستی کرتے رہیں گے۔ سبکدوش ہونے والے چیئرمین محسن شیخانی نے خطاب کرتے ہوئے تمام نومنتخب عہدیدران کو مبارکباد دیتے ہوئے امیدظاہر کی کہ وہ آباد ارکان کی فلاح و بہبود ،ارکان کے مسائل حل کرنے ، تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام اور وطن عزیر کی خوشحالی کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔محسن شیخانی نے بتایا کہ ان کے دور میں تعمیراتی شعبے کو بے شمار مسائل کا سامنا تھا لیکن اللہ کی مدد سے ہم فکس ٹیکس ریجیم کا نفاذ،مقررہ وقت میں بلڈنگ پلان کی منظوری اور تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دلانے میں کامیاب ہوئے‘وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کا اعلان آباد ارکان کے لیے نہایت خوش آئند ہے جس سے کم آمدن والے طبقے کو 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار بھی ملے گا جس سے تعمیراتی شعبے کا استحکام اور ملکی معیشت کو فروغ ملے گا۔محسن شیخانی نے اپنے دور میں آباد کو ملنے والی کامیابیوں پر تمام سبکدوش ہونے والے عہدیداران اورارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔ سبکدوش ہونے والے سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند ،وائس چیئرمین عبدالرحمن اور سدرن ریجن کے چیئرمین محمد علی توفیق رتاڑیا نے بھی تمام نو منتخب عہدیداراران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آباد ارکان کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے تمام نو منتخب عہدیداران کی مکمل سپورٹ کریں گے۔قبل ازیں سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات ہوئے ‘جس میں الائیڈ پینل کے الطاف کانٹا والا بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے جبکہ الائیڈ پینل کے ہی عامر امین تھارا، عبدالکریم آڈھیا، افضل چامڈیہ ، احمد اویس، علی جمیل، آصف یونس سم سم ، عارف یوسف جیوا، محمد ایوب، محمد حسن بخشی، محمد صادق بلوچ، ندیم ریاض، فیاض الیاس، محمد سہیل نیوی والا،نذیر محمد غوری، راحیل رنچ خاور منیر اور محمد عارف شیخانی بلا مقابلہ منتخب ہوئے جبکہ محمد ناصر لاکھانی، محمد پٹیل، سعید خورشید عالم، عمر بن اسلام، طارق عزیز، عبدل برکات، انجینئر دانش بن رئوف ، ذیشان صدیقی، محمد خالد، مصطفی شیخانی، عزیر شاہد اور سید الطاف حسین آباد کی سدرن ریجنل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان منتخب ہوئے۔علاوہ ازیں شیراز جے منو کو آباد ناردرن ریجن کا چیئرمین جبکہ حضر ایوب اظہار، ساجد سعید ، ساحر رشید،عمر الٰہی شیخ، میاں محمد نعمان،محمد پرویز چودھری اور تعظیم احمد ناردرن ریجن کے ارکان منتخب ہوئے ۔سب ریجن حیدر آباد کے لیے کاشف شیخ کو وائس چیئرمین جبکہ انجینئر شبیر میمن اور اسداللہ کو بطور ارکان منتخب کیا گیا۔