حکمرانوں نے ہر چیز مہنگی موت سستی کردی،سراج الحق

405

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں نے ہر چیز مہنگی اور موت سستی کردی ہے ۔ ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بیماروں کو علاج کے بغیر مرنے کے لیے چھوڑ دینے کے مترادف ہے ۔ حکومت ڈرگ مافیا کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ حکمران عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کرانہیں فا قوں سے مارنے کی تیاری کر رہے ہیں ۔ بجلی ، گیس کے بلوں ، تیل اور روز مرہ اشیا کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے عوام کی قوت برداشت جواب دے گئی ہے ۔ معاشی ترقی کے دعویدارو ں نے معیشت تباہ کردی ہے ۔ ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے اور ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے جارہاہے مگر حکمران اپنی ناکامی اور نااہلی تسلیم کر نے کو تیار نہیں ۔ نیب کی کارکردگی سے کوئی بھی مطمئن نہیں ۔ اس پر عدالت عظمیٰ کی گواہی کافی ہے ۔ حقیقی احتساب جماعت اسلامی کر ے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثمر باغ میں معززین علاقہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کے 26 ماہ ناکامی و نامرادی اور عوام کی پریشانیوں میں اضافے کی طویل داستان ہیں ۔ حکومت اپنے ہر وعدے اور دعوے کو بھول چکی ہے ۔ اب تک حکومت عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی ۔ معیشت کو سدھارنے کے خواب دکھانے والوں نے معیشت کو بگاڑ نے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ عوام غربت مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ غریب کے لیے2 وقت کے کھانے کا انتظام کرنا مشکل ہوگیاہے ۔ عام آدمی مشکلات اور مسائل کی دلدل میں پھنس چکاہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ڈرگ ، شوگر، آٹا اور لینڈمافیا ز کے ہاتھوں یرغمال ہے اور عوام کا استحصال کر رہی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت احتساب کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ۔ اب تو عدالت عظمیٰ نے بھی گواہی دے دی ہے کہ نیب نے منظور نظر لوگوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ 2 سال میں عوام احتساب کے نام پر فراڈ کو خوب اچھی طرح سمجھ چکے ہیں ۔ وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا نہ اپنے ارد گرد بیٹھے ہوئے وزیروں مشیروں سے ان کی دولت کا حساب لیا ۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی احتساب جماعت اسلامی کرے گی جس کے دامن پرکوئی داغ نہیں اور جس کے کارکن سے لے کر قیادت تک کسی کے کردار پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔ انہوںنے کہاکہ ملکی مسائل کا حل صرف نظام مصطفیؐ کے نفاذ اور قرآن و سنت کی حکمرانی میں ہے۔ عوام ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق سے منصورہ میں اوور سیز پاکستانیوں کے نمائندہ وفد نے چیئرمین میاں طارق جاویدکی قیادت میں ملاقات کی اورانہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔سینیٹر سراج الحق نے وفد کو جماعت اسلامی کی طرف سے ان کے مسائل کے حل کے لیے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وبا کے بعد ملک میں آنے والے اوور سیز پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مفت ٹکٹ مہیا کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی اربوں ڈالرز کا زرمبادلہ کما کر ملک میں بھیجتے ہیں۔ مصیبت کے اس موقع پر حکومت نے پہلے انہیں ملک میں آتے وقت قرنطینہ اخراجات اور کرایے کے بھاری اخراجات وصول کیے اور اب واپسی پر ان سے کئی گنا زیادہ کرایے وصول کیے جارہے ہیں،جو ظلم و جبر کی شرمناک مثال ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پارلیمنٹ میں اسپیشل سیٹس کا کوٹا مقرر کیا جائے تاکہ اقتدار کے ایوانوں میں بیرون ملک محنت مزدوری کرنے والوں کو بھی نمائندگی مل سکے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے باوجود ووٹ کا حق نہیں دیا جارہا ۔ بیرون ملک لاکھوں پاکستانی ملک میںہونے والے انتخابات میں حصہ لینے سے محروم رہتے ہیں ۔اوور سیز پاکستانیوں کو عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق ووٹ کا فوری آئینی حق ملنا چاہیے ۔سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کو جلد سے جلد نمٹانا ضروری ہے ۔بیرون ملک سے آکر ملک میں مقدمات کا سامنا کرنا اور پھر سالوں ان مقدمات میں پیشیاں بھگتنے سے ان کے کاروبار ٹھپ ہوجاتے ہیں اور جو لوگ ملازمت کرتے ہیں انہیں ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑتے ہیں ۔