کلفٹن زیادتی کیس میں پی پی رہنما کا بیٹا ملوث نکلا

353

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی کلفٹن میں 22 سالہ لڑکی کیساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا معاملہ، ملزم پیپلز پارٹی رہنما کا بیٹا ہے، تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں مبینہ زیادتی کیس کی تحقیقات کادائرہ وسیع کردیا گیاہے۔انکشاف ہوا ہے کہ واقعے میں ملوث ایک ملزم پیپلز پارٹی کے رہنما کا بیٹا ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن بشیربروہی کی سربراہی میں واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔ پولیس نے ملزمان قادر کھوسو اور عبداللہ کی تلاش کے لیے جیکب آباد اور قاردپور میں چھاپے مارے۔ ملزم قادر خان کھوسو کے بنگلوں کا محاصرہ کیا تاہم گرفتاری ممکن نہ ہو سکی۔بتایا گیا ہے کہ کلفٹن سے مبینہ طور پر اغوا اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کے واقعے میں پیپلزپارٹی رہنما کے بیٹے ملوث ہیں جن کی شناخت میر عبداللہ کھوسو، سردار قادر خان کھوسو کے ناموں سے ہوئی۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پہلے ڈیفنس، کلفٹن اور پھر گلستان جوہر میں چھاپے مارے البتہ گرفتاری میں ناکامی کا سامنا رہا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا مکمل ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل فون بند ہونے کی وجہ سے پولیس کو مشکلات درپیش ہیں۔ دوسری جانب پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحقیقات میں یہ بات معلوم ہوئی کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد بھی لڑکی اور لڑکا دونوں رابطے میں تھے۔جبکہ پولیس کے دعوے کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں بھی لڑکی سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ لڑکی کا ڈی این اے سیمپل لے لیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے بعد ان کا ڈی این اے سیمپل لے کر مزید تفتیش کی جائے گی جس سے صورتحال واضح ہو جائے گی۔