ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی،سعید غنی

167

کراچی(آن لائن)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 28 ستمبر کے بعد ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے والے سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرصدارت پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، ڈی جی پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی اور دیگر شریک ہوئے ، اجلاس میں 28 ستمبر سے تمام کلاسز کی تعلیمی سرگرمیوں کے شروع ہونے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے اجلاس میں کہا کہ ہم نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایات کی ہے، کچھ نجی تعلیمی اداروں میں حکومت کے واضح احکامات کے باوجود چھوٹے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں شروع کردی تھی، جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ 28 ستمبر کے بعد جو بھی سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔