کراچی: گرفتار نوجوان مبینہ مقابلے میں ہلاک، لواحقین کا احتجاج

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں پہلے سے زیر حراست ملزم کے سچل تھانے کے باہر مبینہ مقابلے میں جاں بحق ہونے پر 17 سالہ ابرار جلال کے اہل خانہ سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے ایس ایچ او ہارون کورائی پر
ابرار کو جعلی مقابلے میں مارنے کا الزام لگایا ہے۔ دوسری طرف ایس ایچ او ہارون کورائی کا مؤقف ہے کہ کنیز فاطمہ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ملزم نے فائرنگ کی تھی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی تو ابرار زخمی ہوگیا اور اسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گیا۔ معاملہ اس وقت مشکوک ہوگیا جب علاقہ مکینوں کی جانب سے بنائی گئی ابرار پر تشدد کیے جانے کی وڈیو سامنے آئی۔ ابرار وڈیو میں خود کہہ رہا ہے کہ وہ چور نہیں ڈر کر بھاگا تھا تو علاقہ مکینوں نے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ وڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ ابرار پر گلستان جوہر تھانے میں بکرے چوری کرنے اور اسلحہ رکھنے پر 3 مقدمات درج تھے۔