کراچی حیدرآباد موٹر وے پرحادثہ‘13افراد جاں بحق

176
نوری آباد: حیدرآباد سے کراچی آنیوالی حادثے کی شکارمسافروین سے لاشوں کا نکالا جارہا ہے

کراچی( اسٹاف رپورٹر )موٹر وے پر حیدر آباد سے کراچی آنیوالی وین میں آتشزدگی، 13 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پر وین میں آگ لگنے کے خوفناک واقعے میں13افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ترجمان موٹروے پولیس
تراب شاہ کے مطابق حادثہ سپرہائی وے لکی سیمنٹ فیکٹری نوری آباد کے قریب پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری وین JF-6853 خوفناک آتشزدگی کی لپیٹ میں آ گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر وین اگے ایک کار تیز رفتاری سے جارہی تھی ہوا کے دباو کے باعث کار کا بونٹ نکل کر وین کے ٹائر سے لگ جس کی وجہ سے ہائی ایکس وین کچے میں جاگری،وین الٹنے کے باعث وائرنگ میں آگ لگی جس نے پوری گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا، الٹنے کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں تمام سوار افراد جھلس گئے اور اب تک 13لاشوں کو بس سے نکال لیا گیا ہے۔ جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے، حادثہ کراچی ٹول پلازہ سے چالیس کلو میٹر فاصلے پر رونما ہو۔اطلاع ملنے پرایڈیشنل آئی جی ساؤتھ سندھ بلوچستان آفتاب احمد پٹھان ، سندھ ساؤتھ زون ڈی آئی جی ملک مطلوب احمد اعوان ،اور سیکٹر انچارج زاہد نظیر موقع پر پہنچ گئے جبکہ موٹر وے پولیس کے ساتھ مقامی پولیس کے اہلکار وں نے بھی پہنچ کر لاشوں کو ریسکیو میں مد د کی ۔ وین حیدرآباد سے کراچی آرہی تھی اور نوری آباد کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔