گلگت بلتستان صوبے کی حمایت نہیں کریں گے ، عبد الرشید ترابی

239

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں گوکہ گلگت بلتستان کی ساری سیاسی جماعتیں صوبائی سیٹ اپ کے لیے مطمئن ہیں لیکن جماعت اسلامی اس موقف کی حمایت نہیں کرتی اور نہ کرے گی،کشمیر کی آزادی کے لیے عمران خان کے جنرل اسمبلی سے خطاب کی روشنی میں جامع پالیسی تشکیل دے کرعملی اقدامات کیے جائیں،کشمیر کی آزادی
کا واحد راستہ جہاد فی سبیل اللہ ہے ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو با ہم مربوط کر کے با اختیار اور با وقار نظام حکومت تشکیل دیا جائے جو تحریک آزادی کشمیر کے لیے تقویت کا باعث ہو ، گلگت بلتستان کے اسٹیٹس کو تبدیل کیے بغیر وہاں کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق فراہم کیے جائیں ،مودی نے جس ایجنڈے پر الیکشن لڑا تھا اُس نے کشمیریوں کے آئینی تشخص کا خاتمہ کر کے اپنا ایجنڈا پورا کیا جسے کشمیری کسی صورت بھی تسلیم نہیں کرتے ، بھارت آزاد کشمیر پر بھی حملے کا خواب دیکھ رہا ہے اگر اُس نے یہ حماقت کی تو غزوہ ہند کی شروعات بھی یہاں سے ہو گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنما اختر ربانی مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تعزیتی ریفرنس کی صدارت سردار حیات خان نے کی جبکہ امیر جماعت اسلامی ضلع باغ تنویر انور خان، ریجنل منیجر ریڈ فائونڈیشن سید ظہیر گردیزی ودیگر نے خطاب کیا ،مقررین نے سردار اختر حیات کی سیاسی سماجی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پرعبدالرشید ترابی نے مرحوم کے والد، بھائی اور بیٹوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دُنیا کی سب سے تلخ حقیقت موت ہے جس کا ذائقہ ہر نفس نے چکھنا ہے، اختر حیات جوانی کے ایام میں ہی رحلت فرما گئے یقینا اُن کا سانحہ ارتحال ورثا کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی کے لیے بھی کسی کرب سے کم نہیں۔ مرحوم کا تعلق اُس اسلامی تحریک سے تھا جو ہزاروں شہدا کی وارث ہے۔