ایس ایچ او قتل کیس، عزیر بلوچ و دیگر پر فرد جرم عاید

132

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سول لائن فواد خان قتل کیس میںمجرم عزیر بلوچ و دیگر پر فرد جرم عاید کردی، ملزمان کا صحت جرم سے انکار، عدالت نے مروہ قتل کیس کے ملزمان کو ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالتی تحویل میں جیل بھیج
دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایس ایچ او تھانہ سول لائن فواد خان قتل کیس کی سماعت ہوئی جہاں مجرم عزیر بلوچ ، اس کے بھائی زبیر بلوچ، عبدالغفار ماما، ذاکر ڈاڈا اور رمضان عرف رمضانی پر فرد جرم عاید کی گئی۔ عزیر بلوچ و دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے مقدمہ کے تفتیشی افسر اور گواہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حاضری یقینی بناے کی ہدایت کی اور سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں مروہ قتل کیس کے ملزمان فیض عرف فیضو اور عبداللہ کو ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایک ملزم نواز کو عدم شواہد پر مقدمے سے خارج کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان فیضو اور عبداللہ کی شناختی پریڈ بھی کرائی جاچکی ہے اور ملزمان اعتراف جرم بھی کرچکے ہیں۔ مروہ کے والدین کے وکیل کا کہنا تھا کہ وہ تفتیش سے مطمئن ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملزمان کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔