یوکرائن میں فوجی طیارہ گرکر تباہ ،27 کیڈٹ ہلاک

288
کیف: یوکرائن میں تباہ ہونے والے فوجی طیارے کا ملبہ بکھرا پڑا ہے، شعلے آسمان سے باتیں کررہے ہیں‘ اہل کار امدادی کارروائی میں مصروف ہیں

کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرائن میں فوجی طیارہ تباہ ہونے کے باعث اس میں سوار 27کیڈٹ ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق واقعہ دارالحکومت کیف سے 400 کلو میٹر دور خارکیون نامی علاقے میں ائر بیس کے قریب پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والا اینٹونوف اے این 26 طیارہ یونیورسٹی سے کیڈٹس کو لے کر جا رہا تھا۔ یوکرائنی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ بیان میں بتایاگیا کہ واقعے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے اور ان میں اسے 2کی حالت تشویش ناک ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد طیارے میں آگ لگ گئی تھی اور مسافروں کو باہر نکلنے کی مہلت نہیں مل سکی۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ہوائی اڈے کے قریب طیارے کا ایک انجن بند ہوگیا تھا،جس کے باعث وہ لینڈنگ کی کوشش میں گر کر تباہ ہوگیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فضائیہ 6افسر شامل ہیں۔ طیارے میں 20کیڈٹ اور 7افسر سوار تھے اور حادثے کے وقت اسے ایک سینئر پائلٹ کنٹرول کررہا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے کارروائی شروع کردی اور آگ بجھا کر زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ملک بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی جلد از جلد تحقیقات مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے نوجوان کیڈٹ اور تجربہ کار اہلکار کھوئے ہیں ، جن کے سامنے کرنے کے کئی کام تھے۔ صدارتی دفتر نے بتایا کہ صدر کی جانب سے اس قسم کے تمام طیاروں کی پرواز عارضی طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔