مغربی کنارے میں یہودیوں کے 5 ہزار گھروں کی تعمیر کا منصوبہ

204

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نے حکومتی عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں 5 گھروں کی تعمیر کی منظوری دیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بنیامین نیتن یاہو نے اسرائیلی کونسل سے اکتوبر میں یہودی تعطیلات کے اختتام کے بعد اجلاس کی منصوبہ بندی اور عمارت بنانے کے لیے کہا ہے، تاکہ مغربی کنارے میں مختلف بستیوں میں 5 ہزار رہائشی یونٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کیا جاسکے۔ عبرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نیتن یاہو نے اس بارے میں اپنا فیصلہ اس وقت لیا جب مغربی کنارے میں آبادکاروں کے رہنماؤں نے حال ہی میں ان سے رابطہ کیا اور انہیں اس طرح کا اقدام اٹھانے پر راضی کیا۔ دوسری جانب قابض صہیونی حکام نے جبل المکبر میں مکان زبردستی مسمار کرنے پر مجبور کر کے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے کئی خاندانوں کو بے گھر کر دیا۔ جائداد کے مالک ولید ابو عدیم نے اسرائیلی بلدیہ کو جرمانے اور مسمار کرنے کے اخراجات ادا کرنے سے بچنے کے لیے گزشتہ ہفتے اپنے ہی مکان کو مسمار کرنا شروع کردیا تھا، جس میں 4 خاندان مقیم تھے۔ واضح رہے کہ قابض صہیونی ریاست کی نسل پرستی کے تحت فلسطینیوں کے گھروں کی ان کے اپنے ہاتھوں مسماری کا سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے۔