بلوچستان: حادثات و واقعات میں 11 افراد جاں بحق

190

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں مختلف حادثات و واقعات میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں مزدا ٹرک اور گاڑی میں خوفناک تصادم، گاڑی میں سوار 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، لاشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے،جبکہ دشت میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ جمعہ اور ہفتے کے درمیانی شب کوئٹہ پنجاب قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے علاقے گڑنگ شنگلونہ کے مقام پر مزدا ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار 6 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ انتظامیہ کے اہلکار واقعہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے اور گاڑی کے اندر پھنسی ہوئی لاشیں کرین کے ذریعے نکال کر سول اسپتال قلعہ سیف اللہ میں پہنچائیں۔ انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کوئٹہ سے پنجاب جارہے تھے جو حادثے کا شکار ہوگئے، مزید کارروائی جاری ہے۔ ادھر مستونگ کے علاقے دشت روڈ پر ٹریفک حادثے میں خیر محمد ولد یار محمد جاں بحق ہوگیا، واقعہ کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بلوچستان میں فائرنگ اور دیگر واقعات میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص قتل۔ واقعہ کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مقتول کی شناخت محمد رضا ولد مرزا حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر دکی میں کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق ہوگیا، متوفی کانکن کی لاش کو کوئلہ کان سے نکال کر سول اسپتال دکی منتقل کردیا گیا جہاں متوفی کی شناخت اختر محمد ولد عبدالجبار کے نام سے ہوئی، لیویز کے مطابق جاں بحق کانکن کا تعلق افغانستان سے ہے۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش کو افغانستان طرف روانہ کردیا گیا۔ ضلع سبی کے علاقے چاموری کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل ہوگیا، مقتول کی شناخت عابد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔