جنرل اسمبلی سے عمران خان کا خطاب رٹی رٹائی تقریر تھی، جاوید قصوری

286

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیرا عظم عمران خان کا خطاب گھسی پٹی اور رٹی رٹائی تقریر تھی جس سے قوم کو شدید مایوسی ہوئی۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرکے اسے اپنا علاقہ قرار دے دیا ہے۔ ڈومیسائل بنا کر لاکھوں ہندوئوں کو آباد کرنے کے منصوبہ پر کام شروع ہوچکا ہے اور اس سے بڑھ کر جارحیت اور کیا ہوسکتی ہے؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف وفودسے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل 80 لاکھ نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ 1989ء سے لے کر اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد کو شہید، ہزاروں کو عقوبت خانوں میں ڈال رکھا ہے۔ پیلٹ گنوں سے پندرہ ہزار افراد کو نابینا بنا دیا، 20 ہزار سے زائد خواتین کی آبرو ریزی کردی گئی اور لاکھوں بچوں کو یتیم بنا دیا گیا مگر کتنی بدنصیبی کی بات ہے کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ محض خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ دنیا کو اپنی بے حسی ختم کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ بھارت کی حکومت آر ایس ایس کے اکھنڈ بھارت کے بیانیے پر کام کررہی ہے۔ انڈیا میں آباد اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ مودی عالمی قاتل بن چکا ہے اس کے شر سے دنیا کو بچانا ہوگا۔