قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

379

اللہ زمین اور آسمانوں کی بادشاہی کا مالک ہے، جو کچھ چاہتا ہے پیدا کرتا ہے، جسے چاہتا ہے لڑکیاں دیتا ہے، جسے چاہتا ہے لڑکے دیتا ہے۔ جسے چاہتا ہے لڑکے اور لڑکیاں ملا جلا کر دیتا ہے، اور جسے چاہتا ہے بانجھ کر دیتا ہے وہ سب کچھ جانتا اور ہر چیز پر قادر ہے۔ کسی بشر کا یہ مقام نہیں ہے کہ اللہ اْس سے روبرو بات کرے اْس کی بات یا تو وحی (اشارے) کے طور پر ہوتی ہے، یا پردے کے پیچھے سے، یا پھر وہ کوئی پیغام بر (فرشتہ) بھیجتا ہے اور وہ اْس کے حکم سے جو کچھ وہ چاہتا ہے، وحی کرتا ہے، وہ برتر اور حکیم ہے۔ (سورۃ الشوری:49تا51)
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شیطان تم میں سے ہر ایک کی گردن پر رات میں تین گرہیں لگاتا ہے صبح جاگ گیا اور اللہ کو یاد کیا تو ایک گرہ کھل جاتی ہے، اٹھ کر وضو کیا تو ایک اور گرہ کھل گئی، نمازکے لیے کھڑا ہوا تو ساری گرہیں کھل جاتی ہیں، اس طرح وہ چست اور خوش دل ہو کر صبح کرتا ہے اس نے بہت بڑی بھلائی حاصل کرلی، اور اگر ایسا نہ کیا تو نحوست اور برے حال میں صبح کرتا ہے اور اسے کوئی بھلائی نصیب نہیں ہوتی‘‘۔
(بخاری، مسلم)