ٹی ٹوئنٹی کپ میں شائقین کی عدم موجودگی شدت سے محسوس ہوگی،بابر اعظم

299

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنا وائرس کی وباء کے باعث کھلاڑیوں، شائقین کرکٹ اور تمام آفیشلز کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ بند دروازوں میں کھیلا جائے گا۔30 ستمبر سے 18اکتوبر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کے کپتان بابراعظم، حیدر علی، حارث رؤف، سرفراز احمد اور شان مسعود کو ابھی سے شائقین کرکٹ کی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی ہے۔محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ کرکٹ تو کھیل ہی فینز کا ہے کیونکہ یہی تو وہ پرستار ہیں جو ہر اچھے اور برے دن میں ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں، سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ وطن واپس آنے کی سب سے زیادہ خوشی بھی یہی تھی کہ یہاں ہمارے فینز ہمی اسپورٹ کرنے موجود ہوں گے، جنہوں نے سری لنکا اور بنگلا دیش کے خلاف میچوں میں ہمیں بھرپورسپورٹ بھی کیا مگر بدقستمی سے اس مرتبہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث فینز ہمارا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دیکھنے اسٹیڈیم میں نہیں آسکتے۔ حیدر علی نے کہا کہ بلاشبہ بند دروازوں کے باعث اس مرتبہ فینز اسٹیڈیم کا رخ نہیں کرسکیں گے مگر وہ وہاں ہمارے دِلوں میں موجود ہوں گے۔ حارث رؤف، نوجوان فاسٹ بولر جواپنی تیز رفتار بولنگ سے مداحوں کے دل جیتنے والے کھلاڑی کے طور پر پہنچانے جاتے ہیں کا کہنا ہے کہ وہ اس مرتبہ اسٹیڈیم میں فینز کی کمی محسوس کریں گے کیونکہ فینز میدان میں موجود ہر کھلاڑی کا حوصلہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں بیٹھے شائقین کرکٹ کا شور کسی بھی فاسٹ بولر کے جوش میں اضافہ کرتا ہے۔سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ پاکستان کا ایک اہم ٹورنامنٹ اور بند دروازوں کے باعث اس مرتبہ شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ بند ہوگا تاہم وہ اپنے تمام فینز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے گھروں میں ٹی وی اسکرین کے سامنے بیٹھیں اور پی ٹی وی اسپورٹس پر اپنے فیورٹ کرکٹرز کو کھیلتا دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خصوصی طور پر اپنی نئی نسل سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے ہمارے ٹورنامنٹ کو بھی اسپورٹ کریں۔