ورلڈکپ 2023 کیلئے مضبوط ٹیم کی تشکیل ہدف ہے،مصباح الحق

180

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ اس وقت ترجیح جیت، ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے پوائنٹس اور میگا ایونٹ کیلئے مضبوط کمبی نیشن کی تشکیل ہے،نوجوان کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ایک آدھ تبدیلی کر کے ٹیم کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں مثبت انداز میں کھیلیں گے، خوشی کی بات یہ ہے کہ ون ڈے سیریز کا آغاز پاکستان سے ہی کر رہے ہیں، اپنے ملک میں کھیل کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ نئے کپتان کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے، ٹیم کو بھی فائدہ ہو گا کہ اپنے ملک میں کھیل اور جیت کر اعتماد میں اضافہ ہو گا اور اس سیریز سے ہم نے مستقبل کی بھی تیاری کا آغاز کرنا ہے۔ہیڈ کوچ قومی ٹیم نے کہا کہ جیت ٹیم کے لیے ہمیشہ اہم ہوتی ہے، چاہے یہ کسی بھی حریف ٹیم کے خلاف ہو اور اس جیت کیلئے متوازن اور مضوط ٹیم میدان میں اتاریں گے۔انہوں نے کہاکہ جیت سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، اس کے علاوہ ورلڈ کپ 2023 کی کوالیفکیشن کیلئے پوائنٹس کا بھی ہم نے زہن میں رکھنا ہے، مستقبل کی پلاننگ، جیت اور پوائنٹس کو ترجیح بنا کر ہم نے کرکٹ سیریز کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ورلڈ کپ 2023 ہماری نظروں میں ہے جو بھی پلاننگ کرنی ہے ورلڈ کپ 2023 کو ذہن میں رکھ کر کرنی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم میگا ایونٹ تک کلیئر مائنڈ کے ساتھ ایک کمبی نیشن بنانے میں کامیاب ہو جائیں اور اس کے ساتھ ہمارے پاس بیک اپ کھلای بھی ہوں تاکہ ضرورت پڑے تو اسی بیک اپ سے کھلاڑیوں کو لیں، ایک ٹیم کی شکل ہمارے پاس ہو اور میگا ایونٹ سے قبل ہمیں عین وقت پر تبدیلیاں نہ کرنا پڑیں اور نہ ہی کمبی نیشن کا سوچنا پڑے۔مصباح الحق نے کہا کہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ جیت کی عادت بنائیں، اس کے علاوہ خود اعتمادی بھی پیدا کرنی ہے، چیمپئنز ٹرافی 2017 کے بعد جیت کے تسلسل کو برقرار نہ رکھ سکے، جب ہار شروع ہوئی تو خود پر یقین ختم ہوتا گیا، اب اس یقین کو واپس لانا ہے۔