قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے آغاز میں 3روز باقی رہ گئے

214

کراچی (سید وزیر علی قادری) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کی دفاعی چیمپئن ناردرن نامور کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ عماد وسیم کی قیادت میں میدان میں اترنے والے اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے علاوہ باصلاحیت نوجوان کرکٹرز بھی شامل ہیں۔گزشتہ ایڈیشن کی دوسری فائنلسٹ، بلوچستان کی ٹیم ہے، جس کی کپتانی حارث سہیل کررہے ہیں۔فاتح باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ناردرن کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں کپتان عماد وسیم کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کی غرض سے انگلینڈ میں موجود ہیں۔31سالہ آل راؤنڈر عماد وسیم 9 سے 18 اکتوبر راولپنڈی میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں اپنی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔آل راؤنڈر شاداب خان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے پی ایس ایل کے 5ویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کرتے ہوئے بولنگ کے ساتھ ساتھ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ بھی کیا تھا، اس دوران انہوں نے 37.57 کی اوسط اور 159.39 کے اسٹرائیک ریٹ سے 263 رنز بنائے۔ناردرن کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کا زیادہ تر دارومدار نوجوان بلے باز حیدر علی پر ہوگا۔ دورہ انگلینڈ میں اپنے ڈیبیو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے نوجوان کرکٹر پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ سرانجام دینے والے سب سے پہلے بلے باز بن گئے، انہوں نے 33 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ناردرن کی ٹیم ایونٹ کے افتتاحی میچ میں 30 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے خلاف میدان میں اترے گی۔ناردرن عماد وسیم کپتان سمیت شاداب خان (نائب کپتان)، علی عمران، آصف علی، فرزان راجہ، حیدر علی، حماد اعظم، حارث روف، محمد عامر، محمد نواز، موسیٰ خان، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، سہیل اختر، سہیل تنویر، عمر امین اور زیشان ملک پر مشتمل ہے اور ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے قومی ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں ناردرن نے بلوچستان کو 54 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا تاہم 3روز بعد شروع ہونے والا ڈومیسٹک ایونٹ میںبلوچستان کی ٹیم جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔بلوچستان کی بیٹنگ لائن کپتان حارث سہیل سمیت امام الحق، اویس ضیاء، بسم اللہ خان (نائب کپتان، وکٹ کیپر) اور عمران فرحت جیسے نامور ناموں پر مشتمل ہے جو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ اویس ضیاء نے سب سے زیادہ 276 رنز جبکہ امام الحق نے 136 رنز کے اسٹرائیک سے 191 رنز بنائے تھے۔