حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 10 جاں بحق،4 زخمی

167

کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میںحادثات وپر تشدد واقعات میںخاتون سمیت 10 افراد جاںبحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق پاک کالونی تھانے کی حدود پراناگولیمار ڈاکخانہ والی گلی سے ایک ہاتھ پاؤں بندھی تشد د زدہ لاش ملی۔پولیس کے مطابق مقتول 36سالہ عباس کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کر کے قتل کر کے مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہو گئے۔ کورنگی صنعتی کے علاقے حدود کورنگی کراسنگ ندی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2افراد شدید زخمی ہو گئے ،دوران علاج اسپتال میں ایک شخص چل بسا،پولیس کے مطابق متوفی کورنگی کا رہائشی تھا ۔کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود گودام چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر 18سالہ وقاص ولد علی جبکہ شاہراہ نور جہاں کے علاقے قصبہ کٹی پہاڑی کے قریب ٹریفک حادثہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ادھر شاہ فیصل کالونی ناتھا خان کے قریب ٹرین کی زد میں آکر کر ایک شخص موقع پر ہلاک ہوگیا ۔علاوہ ازیں گزری کے علاقے ڈیفنس فیز 6 راحت پارک سے 70سالہ شخص کی لاش ملی ہے۔پولیس کے مطابق ڈاکٹروں نے وجہ موت اپنی رپورٹ میں طبعی قراردیا ہے ۔پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن مجاہد چوک سے ایک شخص کی لاش کو ایمبولنس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ۔گلبہار کے علاقے جان محمد گوٹھ سلطان آباد سے ایک 24 سالہ لڑکی کی لاش کو ایمبولنس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق وجہ موت رپورٹ آنے پر واضح ہوگی۔ مبینہ ٹاؤن کے علاقے میٹروول بلاک ون میں رہائشی عمارت کے تیسرے فلور سے خاتون کی لاش پڑی تھی ۔ ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن کے مطابق متوفی اکیلی رہتی تھی۔ اور لاش تین روز پرانی معلوم بتائی جاتی ہے، ڈاکٹروں نے وجہ موت طبعی قرار دیا ہے۔ پرانا ٹرک اڈاکے قریب گھر سے ایک شخص کی لاش ملی ، متوفی کی شناخت 65سالہ سلیم ولد محمد شفیع کے نام سے ہوئی۔دریں اثناء اورنگی ٹاؤن کے علاقے ہریانہ کالونی پرچون کی دکان پر موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دکاندار اورایک بچے کو زخمی کردیا۔