صرف سڑکیں بنانا کافی نہیں دیگر مسائل بھی حل ہونے چاہییں‘ایڈمنسٹریٹر

227

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی جیسے شہر دنیا میں بہت کم ہونگے جنہوں نے مشکل وقت گزارا لیکن ہمت نہیں ہاری، تاجر اور صنعت کار اس شہر کی پہچان ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونے چاہییں۔یہ بات انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صرف سڑکیں بنانا ہی کافی نہیں سڑکوں کے ساتھ ساتھ سیوریج سسٹم، فٹ پاتھ، اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کے ناموں کی تختیاں نصب کرنا بھی ضروری ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں شہر کی ترقی کے لیے جامع مربوط پالیسی بنانا ہوگی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں سڑکوں کی تعمیر، انفراسٹرکچر، گرین بیلٹ، پارکس، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی کے لئے کاٹی سے بھر پور تعاون کریں گے تاکہ کراچی کا سب سے بڑا انڈسٹریل زون بہتر ہوسکے، ۔ کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل زون 16 ہزار ایکڑ رقبے پر مشمل ہے اور 4500 انڈسٹری یہاں کام کررہی ہیں۔