حضرت محمد ﷺ کی ذات اقدس رہتی دنیا تک حتمی نمونہ ہے‘ وزیر اعظم

244

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے رسول محترم حضرت محمد ﷺ کی ذات اقدس رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لیے حتمی نمونہ ہے۔ ہفتے کو اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے الفانسے دے لامارتے، ہیستری دے لاترقی پیرس 1854ء
سے اقتباس بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ یا رب میرے علم میں اضافہ فرما۔ ’’فلسفی، خطیب، پیغمبر، قانون ساز، جنگجو، افکار کا فاتح، منطقی عقائد کا مجدد، مسلک توحید کا داعی،20 علاقائی ریاستوں اور ایک روحانی سلطنت کے بانی محمد ﷺ ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ عظمت انسانی جانچنے کا پیمانہ کوئی بھی ہو سوال یہی ہے کہ کیا عظمت میں محمدﷺ سے بڑھ کر بھی کوئی ہے ؟ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے آج عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان قدیم ترین ثقافتوں اور تاریخی مقامات رکھنے والے ملک کے طور پر آج عالمی یوم سیاحت منا رہا ہے،(آج) 27 ستمبر کو دنیا بھر سیاحت کا عالمی دن ’’سیاحت اور دیہی ترقی‘‘ کے موضوع پر منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ کے عالمی سیاحت کے ادارے کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک میں منایا جاتاہے، پاکستان نے عالمی دن کو پورے جوش و جذبے سے منانے کے لیے ہمیشہ عالمی برادری کا ساتھ دیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے قانون سازی کے معاملات کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔وفاقی وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم چیئرمین ہوں گے۔کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن پر مشتمل پریس ریلیز کے مطابق انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری،انسداد منشیات کے وفاقی وزیراعظم سواتی،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری،وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبرودیگر کو کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ کابینہ نے8 ستمبر کے اجلاس کے دوران کابینہ کی کمیٹی کا مینڈیٹ بڑھانے کی تجویز کو منظور کیا تھا تاکہ قانون سازی کے مسائل کو ختم کیا جا سکے۔