جاپان 2021 میں اولمپکس مقابلے منعقد کرانے کا خواہش مند

496

جاپان کے وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت آئندہ سال اولمپکس مقابلوں کے انعقاد اور اس کی میزبانی کا ادارہ رکھتی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کو بتایا کہ رواں سال مارچ میں کورونا وبا کے باعث بین الاقوامی اولمپکس کھیلوں کے مقابلے ملتوی کیے گئے۔ تاہم اب ہماری حکومت اس کو منعقد کرنے کا ادارہ رکھتی ہے۔

یوشی ہیدے سوگا نے اپنے خطاب میں کہا کہ “کھیلوں کے مقابلے کروا کر ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم نے کورونا وائرس کو شکست دے دی۔”

وزیراعظم سوگا نے کہا کہ وہ اس تقریب کو محفوظ بنانے اور دنیا کو خوش آمدید کہنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے”۔

یوشی ہیدے سوگا جاپان کے نئے وزیراعظم ہیں۔ گزشتہ ماہ سابق وزیراعظم شنزوابے خرابیِ صحت کے سبب اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہوگئے تھے۔

ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ اولمپکس مقابلوں کے دوران کام کرنے والے عملے کی تعداد کو کم کیا جائے اور کھلاڑیوں کے لیے تربیتی مقامات کو مختصر کیا جائے۔

دوسری جانب عالمی طبی ماہرین نے اس طرح کی تقریبات منعقد کرنے سے خبردار کر رکھا ہے۔ مگر اولمپکس منتظمین کا اصرار ہے کہ وہ 2021 میں کھیلوں کے مقابلے ضرور کروائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو حوصلہ بنا رہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ “جاپان کورونا وائرس کے علاج کے لیے منصفانہ رسائی کو یقینی اور ترقی پذیر ممالک کے لیے ویکسین پر کام کرے گا۔ جاپان کورونا پر دنیا بھر میں ہونے والی ریسرچ، بننے والی ویکسین اور طریقہ علاج کی مکمل حمایت کرتا ہے”۔