جماعت اسلامی کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرائے گی، حافظ نعیم

572

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہناہے کہ کے الیکٹرک گیس کا بہانہ بنا کر لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کررہی ہے،جماعت اسلامی کے الیکٹرک کا ہر صورت لائسنس منسوخ کرائے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ”حقوق کراچی مارچ“ کی تیاریوں کے سلسلے میں اور شہر بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف کے الیکٹرک ہیڈ آفس،DHA پر احتجاجی کیمپ سے خطاب کیا۔

امیرکراچی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کوٹہ سسٹم کی میعاد بڑھا کر کراچی کے شہریوں پر شب خون مارا ہے، ایم کیو ایم نے ریلی تو نکالی لیکن کے الیکٹرک اور کوٹہ سسٹم پر کوئی بات نہیں کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ حقوق کراچی مارچ کے بعد کے الیکٹرک کے خلاف حتمی جدوجہد شروع کی جائے گی، تمام جماعتوں کی طرح تحریک انصاف بھی کے الیکٹرک کو سپورٹ کررہی ہے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے ابراج گروپ نے پی ٹی آئی کو الیکشن کمپین میں فنڈ دیا تھا،اب حکومت ابراج گروپ کو سپورٹ کرکے عوام کا خون نچوڑ رہی ہے، کے الیکٹرک عوام کو اندھیروں میں مبتلا کرتا ہے لیکن عمران خان انہیں سبسڈی دی دیتے ہیں۔

 حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک جب بل فرنس آئل کی بنیاد پر لیتی ہے تو پھر پلانٹ گیس پر کیوں چلائے جاتے ہیں، جماعت اسلامی کی جدوجہد آخری مراحل میں ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جعلی ڈومیسائل کے ذریعے کراچی کے نوجوانوں کا روزگار چھینا ہے،ایم کیو ایم کراچی اور پیپلز پارٹی سندھ کا نام کے کر عوام کا بہت استحصال کرچکے ہیں۔