ڈینگی سے بچائو کے لیے عوام میں شعور بیدار کیا جائے،جنید سموں

588

نواب شاہ (رپورٹ محمد عامر شیخ )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہیدبینظیرآباد جنید حمید سموں کی زیر صدارت ڈینگی و ملیریا کی روک تھام کے لیے قائم ڈسٹرکٹ رسپانس کمیٹی کا ایک اجلاس دربارہال میں منعقد ہوا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید  سموں نے کہا کہ ڈینگی وملیریا بخار سے بچاؤ کے لیے مچھر مار اسپرے کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور بیدار کیا جائے تاکہ اس خطرناک بیماری سے بچا جاسکے۔ ڈینگی بخار کا نا تو کوئی خاص علاج ہے نہ ہی ویکسین موجود ہے صرف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس بیماری سے بچاؤ ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ضلع شہیدبینظیرآباد میں ڈینگی کے حوالے سے خطرے کی کوئی صورتحال نہیں تاہم ضلع انتظامیہ حفاظتی اقدامات کررہی ہے تاکہ عوا م کو ڈینگی بخار سمیت دیگر بیماریوں سے بچایا جاسکے۔انہوں نے میونسپل و ٹائون افسران کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے علاقوں میں پانی کی نکاسی کے ساتھ صاف پانی کے تالابوں میں ڈینگی سے بچاؤ کی ادویات کااستعمال کریں جبکہ گاڑیوں کے پنکچر لگانے والے دکانوں میں موجود ٹائروں اور زیرتعمیر عمارتوں کے مالکان کو صاف پانی کو ڈھانپ کر رکھنے اور مچھرمار اسپرے کرنے کا پابند کیا جائے۔اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ڈسٹرکٹ رسپانس کمیٹی اور فوکل پرسن برائے ڈینگی وملیریا ڈاکٹر محمد عمر جمالی نے بتایا کہ اینٹی ملیریا و ڈینگی پروگرام کے تحت ضلع بھر میں مچھر مار اسپرے جاری ہے۔ 22 ستمبر تک ضلع کی 30 یونین کاؤنسلوں کے 637 دیہات میں مچھر مار اسپرے اور 30 دیہات میں مچھروں کے انڈوں و لاروا کے خاتمے کے لیے اسپرے بھی کیا گیا ہے ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر یارعلی جمالی،اے ایم ایس ڈاکٹر امان اللہ ، ریجنل مینیجر پی پی ایچ آئی رمضان علی شاہ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لوگل گورنمنٹ عبدالستار راٹھور سمیت تعلقہ اسپتال کے ایم ایس اور ٹاؤن افسران نے شرکت کی۔