حافظ نعیم الرحمن نے شاہراہ قائدین پر مرکزی کیمپ کا افتتاح کردیا

155

کراچی(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شاہراہ قائدین پر نورانی کباب ہائوس کے قریب ’’حقوق کراچی مارچ ‘‘ کے سلسلے میں قائم مرکزی کیمپ کا افتتاح کردیا،اس موقع پرنائب امیر مسلم پرویز ، امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، نائب امیر ضلع نصیر اللہ حسینی ، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشم ابدالی و دیگر بھی موجود تھے ۔’’حقوق کراچی مارچ ‘‘ کل بروز اتوار 27ستمبر کو 3بجے دن شاہراہ قائدین پر منعقد ہو گا
جس میں شہر بھر سے مردو خواتین ، بچے ، بوڑھے ، نوجوان ، مزدور و محنت کش ، تاجر ، علما کرام ، اساتذہ ، طلبہ و طالبات ، وکلا ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، سول سائٹی و اقلیتی برادری کے نمائندے اور مختلف طبقات اور شعبہ زندگی سے وابستہ افراد بہت بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔ مارچ کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب اور میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ماضی میں جماعت اسلامی نے عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کیے ہیں اور آئندہ بھی جماعت اسلامی کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ کراچی ایک گلدستہ ہے جہاں پورے پاکستان سے تعلق رکھنے والے رہتے ہیں ۔ 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر حقوق کراچی مارچ میں مائیں ، بہنیں ، بیٹیاں ، بچے ، بزرگ ، نوجوان ، تمام طبقات اور شعبہ زندگی سے وابستہ افراد بھر پور شر کت کریں اور اپنے اتحاد و اتفاق سے کراچی کو تباہ کرنے اور اس کا سودا کرنے والوں کو شکست دیں۔ حقوق کراچی مارچ کسی کی ذات یا سیاسی مفادات کے لیے نہیں بلکہ کراچی کے 3کروڑعوام کے لیے ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانوں کو زندہ جلانے والے ، تعلیم و تہذیب کوتباہ کرنے والے اہل کراچی کو مزید بے وقوف نہیں بناسکتے۔ ’’کراچی اپنا ہے ‘‘ کادعویٰ کرنے والوں نے ہمیشہ کراچی دشمنی کے فیصلے کیے ۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے کوٹا سسٹم کی میعاد میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کرکے کراچی کے نوجوانوں کے مستقبل پر شب خون مارا ہے۔ ایم کیو ایم نے 2مرتبہ کے الیکٹرک کو فروخت کرکے ایک مافیا کے حوالے کیا۔ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کی حمایت کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میںمزید اضافہ کر دیا ہے ۔ عارف نقوی عمران خان کے ذاتی دوست ہیں اسی لیے وہ مسلسل کے الیکٹرک کو سپورٹ کررہے ہیں۔ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے اس کے باوجود اس کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔جعلی ڈومیسائل کے ذریعے کراچی کے نوجوانوں سے روزگار چھینا جارہا ہے۔ کراچی میں جعلی مردم شماری کی گئی ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری از سر نو کی جائے۔کراچی میں با اختیار شہری حکومت قائم کی جائے ۔