درگاہ شہباز قلندر پر زائرین کو بغیر ماسک داخلے کی ہرگز اجازت نہیں

238

کوٹری(پ ر)صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کا مزار کھولنے کے بعد کوروناوائرس سے بچاؤ کیلیے ایس او پیز کا جائزہ لینے کیلیے ڈپٹی کمشنر جامشورو کی صدارت میں اہم اجلاس کوٹری ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف سندھ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف سہون ،ڈائریکٹر عبداللہ شاہ، انسیٹیٹوٹ ایس ایس پی جامشورو، ڈی ایس پی سہون ،ایس ایس پی اسپیشل برانچ، اسسٹنٹ کمشنر سہون، سیکورٹی انچارج درگاہ سہون سمیت حساس اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ڈی سی فرید الدین مصطفی نے کہا کہ درگاہ پر زائرین کو بغیر ماسک داخلے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ داخلی وخارجی راستوں پر سینیٹائزر اور ہاتھ دھونے کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سہون میں کوروناوائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے جسے روکنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لانے ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ درگاہ پر آنے والے زائرین کو ایس او پیز سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنے کیلیے بینرز اور پینافلیکس نصب کیے جائیں اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے محکمہ صحت جامشورو اقدامات کو یقینی بنائے گا۔فریدالدین مصطفی نے محکمہ اوقاف اور پولیس کو ہدایت دی کہ وہ درگاہ پر زائرین کیلیے مرد اور خواتین کیلیے علیحدہ علیحدہ جگہ کا تعین کرکے سماجی فاصلہ پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کیلیے سخت انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرنے میں انتظامیہ سے تعاون کریں موجودہ حالت میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہم سب کی ضرورت ہے تاکہ معاشرہ کو وبا سے محفوظ بنایا جاسکے۔