حکومت انتقامی سیاست کو فروغ دے رہی ہے ،عبدالجبار خان

186

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت انتقامی سیاست کو فروغ دے رہی ہے ، سیاسی قائدین پر جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں ، ان کی کردار کشی کی جارہی ہے جس سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے جو ملک و قوم کیلیے کسی طورپر بھی مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی جماعتوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث عوام میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے ، جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی 200فیصد اضافہ کردیا گیا ہے ۔ بجلی، گیس کی عدم دستیابی نے عام شہری کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے۔ بیروزگاری اور غربت میں ان دو سالوں میں جتنا اضافہ ہوا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، وفاقی حکومت اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے ملک میں افراتفریح پھیلانے میں مصروف ہے۔ پورے ملک میں کسی جگہ کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہے ، حالیہ بارشوں کے بعد وفاقی حکومت کا صوبائی حکومتوں سے رویہ غیر مناسب ہے ، سندھ میں بارش اور سیلاب سے ہونے و الی تباہی کے باوجود وزیراعظم نے نہ تو متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور نہ ہی ان متاثرین کیلیے اب تک کوئی امداد بھیجی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو پورا ملک انارکی کا شکار ہوجائے گا جو ان حالات میں کسی طور مناسب نہیں ہے۔