حکومتی اقدامات نے عوام کو نفسیاتی مریض بنا کر رکھ دیا ،ذکراللہ مجاہد

211

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے صحت کی سہولیات چھیننے کے مترادف ہے۔ حکومت علاج معالجہ اور ادویات فری مہیا کرنے کے بجائے مہنگی کرکے غربیوں پر ظلم کررہی ہے جو قابل مذمت اور تشویشناک امر ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے 90 سے زائد جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں مہنگائی، بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح سے لوگوں میںمایوسی پھیل چکی ہے۔ لوگ نام نہاد تبدیلی سے اکتا چکے ہیں اور ہوشربا مہنگائی کے ہاتھوں پریشان اذیت میں مبتلا ہیں۔ حکمرانوں نے 2 سالوں میں غریبوں سے بیماری کی تشخص کے لیے کیے جانے والے فری ٹیسٹ ختم کیے ، کینسر کے مریض کی فری ادویات بند کی اور جان بچانے والی ادویات میں 500 فیصد تک اضافہ کرکے عوام کوبیماریوں سے مرنے کیلیے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف اور احتساب کے نام پر اقتدار میں آنے والے حکمرانوں کے عوام دشمن اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ انہیں عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا سے لے کر علاج معالجہ کی ادویات تک مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے پرمیڈیسن کمپنیوں کی من مانی کو لگام ڈالی جائے اور 90 سے زائد جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔