مقبوضہ کشمیر:بابر قادری سپردخاک۔بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید2نوجوان شہید

543

سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے سرکردہ وکیل ، انسانی حقوق کے علمبردار کشمیری رہنما، ایڈووکیٹ بابر قادری کو شمالی کشمیر کے ٹنمرگ قصبے میں سپردخا ک کردیا گیا‘ان کو سری نگر کے حول علاقے میں جمعرات کو نامعلوم افراد نے گھر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ بابر قادری نے ایک بار ٹی وی مباحثے میں پاکستان زندہ باد اور ہندوستان مردہ باد کا نعرہ لگایا تھا‘ وہ کشمیر کے بارے میں بی جے پی کی پالیسی کے سخت ناقد تھے۔ دریں اثنا بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر اننت ناگ ضلع میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے گزشتہ روز اننت ناگ ضلع میں بجبہارہ کے سرہامہ علاقے کا محاصرہ کر لیا تھا اور تلاشی مہم کے دوران 2 نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔ اننت ناگ میں انٹرنٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ کلگام میں بھارتی فورسز نے2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ دریں اثنا بھارت سے بغاوت کے الزام میں قید لداخ کے کونسلر ذاکر حسین کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی۔ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ایل او سی کے آ ر پار تجارت سے جڑے تاجروں کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے‘ این آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے کشمیری تاجروں کی تعداد30 سے تجاوز کر گئی ہے ۔ این آئی اے کا الزام ہے کہ ایل او سی کے آ ر پار تجارت کیذریعے غیر قانونی رقم کی منتقلی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 24 مریض انتقال کرگئے‘ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1086 تک پہنچ گئی ہے ‘ گزشتہ روز مزید 1104افراد کی رپورٹ مثبت آ ئی ہے ‘ وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 68614 تک پہنچ گئی ہے۔