حکومتی عاقبت نااندیشی میں مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، لیاقت بلوچ

231

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے مسائل حل کرنے کے بجائے حکومتی عاقبت نااندیش روش نے مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔عمران خان سرکار مسئلہ کشمیر پر غیر ذمہ دارانہ روش چھوڑ دے ۔آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان کے اندرونی سیاسی اختلافات کی آگ کا ایندھن نہ بنایا جائے ۔ اپنی رہائش پر صارفین کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ اشیائے خور و نوش پر ناجائز منافع خوری کی بیخ کنی کرے ۔عوام کو ملاوٹ شدہ اور مضر صحت کھانے کی اشیا مل رہی ہیں۔دودھ میں پانی ،پائوڈر ،کیمیکل ،یوریا اور مرچوں میں اینٹوں کا چورا ملایاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ،اداروں اور ملاوٹ مافیا کا گٹھ جوڑ ہے جس کی وجہ سے عوام کو مضر صحت چیزیں کھانا پڑ رہی ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہر جگہ اس کے خلاف صارفین منظم ہوں اور صارفین کے تحفظ کے لیے عدالتیں فعال کردار ادا کریں۔تاجر برادری ایماندار ی سے ناپ تول کرے ،غلط بیانی سے پرہیزکیااور عوام کو دھوکا نہ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی پاکستان ہی عوام کے حقوق کا تحفظ کرسکتا ہے ۔وفد نے انہیں مہنگائی ،عوام کے لیے مشکل ترین صورتحال اور اپنے مسائل سے آگاہی دی ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ منظم سازش کے تحت پاکستان میں اتحاد اوریکجہتی کو پارہ پارہ کیا جارہا ہے ۔فسادات کی آگ بھڑکانا عالمی ایجنڈے اور گریٹ گیم کا حصہ ہے ۔اللہ کی توحید ،تحفظ ختم نبوت ؐ ،صحابہ کرام و اہل بیتؓ پوری امت کی عقیدتوں کا مرکز و محور ہیں۔حکومتی وزرا نے فرقہ واریت ،مسالک کے درمیان شدت پیدا کرنے کا گھنائونا کردار ادا کیا ہے ۔اکابر علما اور امت کے خیر خواہ تعصبات کی آگ پر اتحاد و وحدت کا پانی ڈالیں اور نئی نسل کو نفرتوں اور تعصبا ت کی آگ سے بچائیں۔