اغوا و تشدد کاکیس، ایس ایچ او، 5 اہلکاروں کے وارنٹ جاری

165

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے شہری کے اغوا اور لاک اپ میں تشدد کا نشانہ بنانے سے متعلق کیس میں ایس ایچ او سول لائن سمیت 5 پولیس اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، 28 ستمبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم۔ جمعے کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے شہری گل بہادر کے اغوا اور لاک اپ میں تشدد کا نشانہ بنانے کے حوالے سے کیس کی سماعت کی، عبدالجلیل ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے 22 جولائی کو گل بہادر نامی شہری کو اغوا کیا تھا اور پولیس اہلکاروں نے تشدد کے بعد ایک لاکھ روپے لے کر گل بہادر کو ایک دن بعد رہا کردیا جبکہ مغوی کی جانب سے مقدمے کے اندراج کے لیے عدالت سے رجوع کرنے پر اہلکاروں نے متاثرہ شخص کے بھانجے کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ عدالت نے معاملے کی انکوئری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا اور ایس ایس پی ساؤتھ کی جانب سے رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔