عبدالمجید اچکزئی کی بریت کیخلاف پولیس کی اپیل سماعت کیلیے منظور

228

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان ہائی کورٹ نے ٹریفک سارجنٹ قتل کیس میں سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف محکمہ پولیس کی دائر کردہ اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی۔ محکمہ پولیس کی اپیل پر ہائی کورٹ نے ملزم سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹریفک سارجنٹ قتل کیس میں دائر اپیل کی سماعت اکتوبر کے دوسرے ہفتے کے لیے مقرر کردی۔ ماڈل کورٹ کی جانب سے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سارجنٹ عطا اللہ قتل کیس میں باعزت بری کرنے کے فیصلہ کو محکمہ پولیس نے بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے بریت کے خلاف دائر اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ ٹریفک سارجنٹ عطااللہ قتل کیس میں استغاثہ کے بیانات کو قابل غور نہیں لایا گیا‘ ٹرائل کورٹ نے استغاثہ کے موقف اور شواہد کو نظر انداز کیا ہے۔ محکمہ پولیس زیر بحث نہ لائے جانے والے نقاط کو ہائی کورٹ کے سامنے لانے کا مکمل قانونی حق رکھتا ہے۔ یاد رہے ماڈل کورٹ کی جانب سے4 ستمبر کو سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سارجنٹ قتل کیس میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا تھا۔انہوں نے اپنی گاڑی کے ذریعے20 جون2217ء کوکوئٹہ کے زرغون روڈ پر ٹریفک پولیس کے سارجنٹ عطااللہ کو کچل کر ہلاک کردیا تھا۔