کھلاڑیوں نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کیلیے بائیو سیکیور ببل جوائن کرلیا

396

لاہور (جسارت نیوز )قومی کھلاڑیوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے بائیو سیکیور ببل جوائن کرلیا‘ترجمان پی سی بی کے مطابق پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انگلینڈ سے وطن واپس لوٹنے والے 21 کھلاڑیوں کے دوسرے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کرکٹرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں، جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں ناردرن کے محمد عامر، حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب ، سنٹرل پنجاب کے عابد علی اور نسیم شاہ، سدرن پنجاب کے محمد عباس،خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، محمد رضوان، محمد حفیظ، فخر زمان، شعیب ملک، عمران خان سینئر اور افتخار احمد، بلوچستان کے یاسر شاہ، کاشف بھٹی اور امام الحق جبکہ سندھ کے سہیل خان، محمد حسنین اور اسد شفیق شامل ہیں۔ ناردرن کے آل راؤنڈر سہیل تنویر نے بھی بائیو سیکیور ببل کو جوائن کرلیا ہے۔علاوہ ازیں سرفراز احمد کے جمعہ کے روز ہونے والے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ آ ج متوقع ہے ۔اس سے قبل ان اسکواڈز میں شامل جس فرد کا پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔ سیلف آئسولیشن میں موجود اس فرد کا تیسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ 30 ستمبر بروز بدھ کو لیا جائے گا۔ 30ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کی غرض سے تمام فرسٹ الیون اسکواڈز پہلے ہی ملتان کے بائیو سیکیور ماحول میں موجود ہیں۔