تبدیلی نظام پارٹی کے صدر چودھری توصیف ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شامل

367

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے تحریک تبدیلی نظام پارٹی کے مرکزی صدر چودھری محمد توصیف نے منصورہ میں ملاقات کی اور سیکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کردیا ،سینیٹر سراج الحق نے چودھری محمد توصیف اور ان کے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارک باد دی اور انہیں جماعت اسلامی کا کلمے والے پرچم کا نشان دیا۔اس موقع پر شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، نائب امیر لیاقت بلوچ، پنجاب وسطی کے امیر جاوید قصوری، چودھری توصیف اور ذکراللہ مجاہد نے خطاب کیا۔ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو نچوڑنے اور لوگوں کی گردن مروڑنے میںا سپیشلائزیشن کررکھی ہے ۔ اس حکومت نے دکاندار و خریدار ،ریڑھی چھابڑی والے ،تانگے اور رکشے والے ،مزدور اور کسان سب کو پریشان کردیا ہے ۔غریب کے لیے زندہ رہنا مشکل ہوگیا ہے ۔کماتے غریب ہیں اور کھاتے جاگیردار اور سرمایہ دار ہیں۔یہ جاگیر دار اور سرمایہ دار ہر حکومت میںشامل ہوتے ہیں ،عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر اپنے گرد انہی لوگوں کو جمع کرلیا جنہوں نے ملک و قوم کو اس حال تک پہنچایا ہے ۔ 73سال میں ملک پر 37سال آمریت اور باقی عرصہ نام نہاد سیاسی لیڈروں کی حکومت رہی لیکن ایک دن کے لیے بھی ملک میں اس نظام کو نہیں آزمایا گیا جس کے لیے یہ ملک بنایا گیا تھا۔ اقتدار پر قابض رہنے والوں نے پاکستان کے نظریے اور جغرافیے سے بے وفائی کی جس کے نتیجے میں ملک دولخت ہوا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے اسلامی و نظریاتی تشخص کی بحالی کی جدوجہد کررہی ہے ۔ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں دولت کی یکساں تقسیم ہو ،غریب کو بھی امیر کے برابر ترقی کے مواقع مل سکیں ۔نوجوانوں کو باعزت روز گار ملے ۔عام آدمی کو عدل و انصاف ملے اور کوئی بھوکا نہ سوئے ۔آئین و قانون کی حکمرانی سے ہی اس عظیم مقصد کوحاصل کیا جاسکتا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر فلسطین اور برما کے مسلمانوں کے تحفظ کے لیے حکمران کچھ نہیں کرسکے ۔بے حس حکمرانوں سے کوئی توقع بھی نہیں۔یہ جنگ امت نے خود لڑنی ہے ۔فرقہ وارانہ ،علاقائی اور قومیت کے تعصبات سے بالاتر ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے عوام متحد ہوجائیں۔اسلام دشمن قوتیں ہمارے شہروں ،مساجد اور مدارس کو تقسیم کرکے ہمیں باہم دست گریبان کرنے کی سازش کررہے ہیں۔امریکا اب براہ راست حملہ کرنے کے بجائے مسلم ممالک میں فساد اور انتشار پھیلانے کے لیے مسلمانوں کو مسلکوں کی بنیاد پر لڑانے کا منصوبہ بنا چکا ہے ۔امت کو ہوشیار رہنے اور اپنے اندر چھپے ہوئے دشمن کے ایجنٹوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے ۔عالم اسلام کے لیے سب سے بڑا فتنہ علاقائی ،نسلی اورمسلکی عصبیتیں ہیں ۔حکمران قادیانیوں کی حمایت اور سرپرستی سے باز نہ آئے تو عوام انہیں زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے ۔جماعت اسلامی ملک میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے ریڈیوپاکستان کے ملازمین کو 5 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو فوری طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کے حالات بہت ابتر ہوچکے ہیںجس گریٹ گیم کی باتیں سنتے تھے وہ اب کھل کر سامنے آچکا ہے ۔جمہوریت کے نام پر ملک پر 73سال سے آمریت مسلط ہے ۔پی ٹی آئی حکومت بھی عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی ۔عمران خان حکومت سے لوگوں نے جو توقعات لگائی تھیں وہ پوری نہیں ہوسکیں۔لوگوں کا خیال تھا کہ اسٹیٹس کو ٹوٹے گا ،نظام بدلے گا۔نوجوانوں کو روز گار ملے گا ۔غریب عوام سکون کی سانس لیں گے مگر کچھ بھی تبدیل نہیں ہوسکا۔حکومت نے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔لوگوں کے چہرے زرد ہیں ہر طرف مایوسی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں مگر اس حکومت کے پاس ان کی پریشانیوں کا کوئی علاج نہیں بلکہ حکومت نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے ۔چودھری محمد توصیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی کوئی ظلم ہوتا ہے جماعت اسلامی کے امیر اور کارکن مظلوموں کا ساتھ دینے کے لیے وہاں پہنچتے ہیں جس سے متاثر ہوکر میں جماعت اسلامی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ میں آج عہد کرتا ہوں کہ ظلم و جبر کے اس نظام کو تبدیل کرنے کے لیے سینیٹر سراج الحق کے کندھے سے کندھا ملا کر چلوں گا اور میرے کارکن جماعت اسلامی کی دعوت کو گھر گھر پہنچانے میں ہر جگہ قدم بقدم جماعت اسلامی کے ساتھ ہوںگے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔جماعت اسلامی مزدوروں ،کسانوں اور مظلوم عوام کی آواز ہے ۔اس ملک کی قسمت بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔ میں آج تحریک تبدیلی ٔ نظام پارٹی کو جماعت اسلامی میں ضم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔جماعت اسلامی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے چودھری توصیف کی جماعت اسلامی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چودھری محمد توصیف ملک و قوم کا درد رکھنے والے نوجوان سیاسی قائد ہیں جو اس ملک کے اندر عام آدمی کے تحفظ ،عزت ، انصاف اور ایک منصفانہ نظام کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ پاکستان اللہ کی عطا کردہ ایک نعمت ہے مگر یہاں ہماری چوتھی نسل بھی محرومیوں کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی افراد کی نہیں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے ۔جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کو جہاں بھی موقع ملا عوام کی خدمت سے انہوں نے خود کو منوایا ۔کراچی کے عوام آج بھی نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی جیسے رہنمائوں کو یاد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی مقتدر پارٹیاں ہوں یا موجودہ حکمران پارٹی سب نے عوام کو دھوکا دیا۔انہوں نے کہاکہ2سال بعد عوام کو پتا چل گیا ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں۔امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ جماعت اسلامی کی قیادت کا اجلااور صاف ستھرا کردا ر قوم کے سامنے ہے ۔نیب زدہ اور خاندانی پارٹیاں ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتیں۔جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد قومی تاریخ کا روشن باب ہے ۔انہوں نے کہاکہ بنگلاد یش میں آج بھی ہماری قیادت کو پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکایا جارہا ہے ۔