سندھ میں 28 ستمبر سے تمام کلاسیں شروع کرنے کا اعلان

338

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں پری پرائمری، پرائمری اور مڈل کلاسیں 28 ستمبر سے کھل جائیں گی، تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے جاری کردہ ایس او پیز کی پابند ہوگی اور جو اس کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اگر والدین سمجھتے ہیں کہ ان کے بچوں کو موجودہ صورتحال میں انہیں اسکول نہیں بھیجنا چاہیے تو ان پر کوئی دبائو میں ہے اور کوئی اسکول اگر یہ سمجھتا ہے کہ اس وقت کو اسکول نہیں کھول سکتا تو وہ نہ کھولے۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم اس وقت بھی الطاف حسین کے نفرت انگیز، مارنے ڈرانے اور اردو زبان والوں کو دیگر زبانوں والوں سے لڑانے کی سیاست پر عمل پیرا ہے اور خالد مقبول، عامر خان، اظہار الحق سمیت دیگر تمام الطاف حسین ہی کا لبادہ اوڑھے اور اس کی نفرت انگیز سیاست کو پروان چڑھانے میں مصروف ہیں۔ پیپلز پارٹی جلدایم کیو ایم کی جلسی کے جواب میں ایک عظیم الشان ریلی یا جلسے کا انعقاد کرے گی اور انہیں شرمندگی کا ایک بار پھر احساس دلائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گیس اور اس کے باعث بجلی کے بدترین بحران کے ذمے دار موجودہ نااہل، نالائق حکمران ہیں اور ان کے باعث آج کراچی جیسے شہر میں 14 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیر بنا دی ہے۔ وفاقی حکومت کی سندھ دشمنی نے اس صوبے کے عوام کو گیس اور بجلی کے بحران میں دھکیل دیا ہے ۔