وزیر تعلیم کے کراچی میں ہنگامی دورے، انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا

542

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی جمعہ کی صبح شہر قائد کے مختلف نجی اور سرکاری اسکولوں کے اچانک دورے پر نکل گئے، دورے کے دوران وزیر تعلیم نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول انتظامیہ  کی سرزنش کی جبکہ سماجی فاصلہ رکھنے اور تمام ایس او پیز پر عمل کرنے والے اسکولوں کی کاوشوں کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح وزیر تعلیم سندھ سعید غنی شاہ عبدالطیف ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت گلستان شاہ عبدالطیف گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پہنچے، اسکول میں تدریسی عمل جاری تھا ۔

وزیر تعلیم  سندھ  نے مختلف کلاسوں کا دورہ کیا اور اسکول میں تمام ایس او پیز اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے پر ، اسکول میں صفائی کا خاص خیال رکھنے پر اسکول پرنسپل اور انتظامیہ  کی کاوشوں کو سراہا۔

دوسری جانب گزشتہ روز سعید غنی نے ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سینٹرل میں مختلف سرکاری اور نجی اسکولز اور کالجز کا دورہ کیا،   تعلیمی اداروں میں سماجی فاصلہ ایس او پیز کے مطابق عمل نہ ہونے پر متعلقہ پرنسپل کو فوری طور پر ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایات جاری کردیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں محکمہ تعلیم کے 2افسران کو ہدایات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے۔