جنوبی افریقی ٹیم اگلے سال پاکستان کا دورہ کرےگی

466

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم اگلے سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کریگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ اگلے ہفتے اظہر علی اور مصباح الحق سے ملاقات طے ہے۔

وسیم خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) فرنچائز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے اس پر بات نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی کھلاڑیوں کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائیوں اور عدالتی معاملے کا علم نہیں ۔

یادرہے اس سے قبل نیوز ی لینڈحکومت نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کو دورے کی اجازت دے دی، دونوں ٹیمیں اگلے سال کے شروع میں دورہ کریں گی۔