نواز شریف کھیل سے باہر، فوج سے ہونے والی ہر ملاقات کا علم ہوتا ہے، وزیراعظم

511

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ نواز نواز شریف کھیل سے باہر ہوچکے ہیں ،فوج سے ہونے والی ہر ملاقات کا علم ہوتا ہے، اپوزیشن کا ایجنڈا ہے کہ حکومت اور فوج کو لڑوا دیا جائے، حکومت اور فوج کے درمیان موجودہ ہم آہنگی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے۔

مختلف ٹی وی چینلز کے ڈائریکٹر نیوز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خا ن کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی تقریر اخلاقی اعتبار سے نہیں دکھانی چاہیے تھی  لیکن نواز شریف کی تقریر براہ راست نشر کرنے دینے کا فیصلہ درست ثابت ہوا، نواز شریف کی اے پی سی میں فوج کیخلاف تقریر کی خوشیاں بھارت میں منائی گئیں،نواز شریف مایوس ہوچکے ہیں، وہ اب نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے کی  ڈگر پر چل رہے ہیں ۔

انہوں نےکہا کہ نواز شریف امیر المومنین بن کر اداروں کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں،’’ن‘‘ہو یا ’’ش‘‘دونوں جماعتیں نہیں چل سکتیں اسی لیے جی ایچ کیو بھاگ کر جاتے ہیں، میں نواز شریف اور آصف زرداری کاکوئی سیاسی مستقبل نہیں دیکھتا،جو فوجی قیادت سے چھپ کر ملتے ہیں ان کے بارے میں کیا کہوں،یہ مولانا فضل الرحمان کو اس لیے ساتھ رکھتے ہیں کیونکہ ان کے پاس لانے کے لیے لوگ نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ فوجی قیادت کی ملاقاتوں کا مجھے پتا ہوتا ہے، اپوزیشن کا ایجنڈا حکومت اور فوج کے درمیان لڑائی کروانا ہے، موجودہ حکومت کرپٹ نہیں اس لیے فوج ہمارے فیصلوں کی حمایت کرتی ہے، حکومت اور فوج کے درمیان موجودہ ہم آہنگی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے، چاہے افغانستان سے متعلق ہو یا بھارت سے میری پالیسی چلتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دے گی تو ضمنی انتخابات کرا دیں گے، اپوزیشن ضمنی انتخابات میں ایک سیٹ بھی نہیں لے سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی معاملے پرسمجھوتا کرسکتا ہوں لیکن این آر او نہیں دوں گا،میں نے پرویز مشرف کو این آر او دینے پر ہی چھوڑا تھا،اس غلطی کے نتیجے میں 10 سال میں پاکستان میں لوٹ مار انتہا کوپہنچ گئی،پرویز مشرف نے این آر او دینے کی غلطی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کامستقبل روشن ہے،آئندہ 2سے3سال میں پاکستان تمام مشکلات سےباہرآ جائیگا،پچھلےسال گندم کی پیداوار کم ہوئی جس کاہمیں بتایا بھی نہیں گیا، شوگرمافیا سے نمٹ رہے ہیں،آیندہ  اس طرح مافیا کو چینی کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے، اب قیمتیں بڑھائی ہیں تاکہ مارکیٹ میں سپلائی بہترہو گی،کئی سالوںسے زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتیں نہیں بڑھیں جس کی وجہ سے زندگی بچانے والی ادویات مارکیٹ سے غائب ہو گئی تھیں، اب قیمتیں بڑھائی ہیں تاکہ مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہو ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ہے کہ چین ہمارا دوست ہے،اچھی بات یہ ہے کہ چین کوپاکستان کی اتنی ضرورت ہے جتنی پاکستان کوچین کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مغربی فلموں کی وجہ سے فحاشی بڑھ رہی ہے، جس سے جنسی جرائم بڑھ رہے ہیں،ہمیں اپنی فلموں کےذریعے فحاشی کیخلاف کلچرکواجاگرکرنےکی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت ابھی بھی نئی ہے، جمہوری جماعتوں کے اندر اختلاف رائے ہوتا ہے، ہماری کابینہ میں ایسے بھی وزراء ہیں جو اپنی طرف گول کر دیتے ہیں۔