جماعت اسلامی آئندہ بھی عوام کے مسائل حل کرے گی، حافظ نعیم

592

  کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی جماعت اسلامی نے عوام کی خدمت اور مسائل حل کیے ہیں اور آئندہ بھی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

شاہراہ قائدین پر نورانی کباب ہاؤس کے قریب ”حقوق کراچی مارچ“ کے سلسلے میں قائم مرکزی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ حقوق کراچی کسی ذات یا سیاسی مفادات کے لیے نہیں بلکہ کراچی کے  3کروڑ سے زائد عوام کے لیے ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ کراچی ایک گلدستہ ہے جہاں پورے پاکستان سے تعلق رکھنے والے رہتے ہیں، 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر حقوق کراچی مارچ میں تمام طبقات اور شعبہ زندگی سے وابستہ افراد بھر پور شر کت کریں اور اپنے اتحاد و اتفاق سے کراچی کو تباہ کرنے اور اس کا سودا کرنے والوں کو شکست دیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ  انسانوں کو زندہ جلانے والے، تعلیم و تہذیب کوتباہ کرنے والے اہل کراچی کو مزید بے وقوف نہیں بناسکتے۔ ”کراچی اپنا ہے“ کادعویٰ کرنے والوں نے ہمیشہ کراچی دشمنی کے فیصلے کیے۔

امیر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے کوٹہ سسٹم کی میعاد میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کرکے کراچی کے نوجوانوں  کے مستقل پر شب خون مارا ہے، ایم کیو ایم نے دو دفعہ کے الیکٹرک کو فروخت کرکے ایک مافیا کے حوالے کیا، وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کی حمایت کرتے ہوئے  بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے اس کے باوجود اس کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے،جعلی ڈومیسائل کے ذریعے کراچی کے نوجوانوں سے روزگار چھینا جارہا ہے، کراچی میں جعلی مردم شماری کی گئی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری از سر نو کی جائے،کراچی میں با اختیار شہری حکومت قائم کی جائے۔