نظریہ پاکستان پر کوئی بھی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا،علما و مشائخ کونسل

394
نائب امیر جماعت اسلامی کراچی واسع شاکر اورنگی ٹائون میں شہریوں کو حقوق کراچی مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں

کراچی( نمائندہ جسارت )علماو مشائخ رابطہ کونسل اپرسندھ کے ضلعی ذمے داران کا اجلاس سکھر میں مرکزی صدر میاں مقصود احمد کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میںسکھر ولاڑکانہ ڈویژن کے ضلعی ذمے داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نومبر میں متوقع علماو مشائخ کنونشن کی منصوبہ بندی ودیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ علماو مشائخ رابطہ کونسل کے مرکزی چیئرمین ودرگاہ کوٹ مٹھن
شریف کے سجادہ نشین و روحانی شخصیت پیرخواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ونظریہ پاکستان ہی ملک کی ترقی اور سا لمیت کی ضمانت ہیں، ملک کی شناخت ونظریہ پاکستان پر کوئی بھی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا،دستور پاکستان پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نکالا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت امت مسلمہ کو تقسیم کیا جارہا ہے،ایک جانب ہندو سامراج گزشتہ 67سال سے جنت نظیر کشمیر کی وادی پر قابض اور ایک کروڑ مسلمانوں کو شدید مظالم کا نشانہ بنائے ہوئے ہے تو دوسری جانب ارض مقدس قبلہ اول پر صہیونی ناجائز ریاست نے ظلم وستم کے پہاڑ توڑدیے اس کے باوجود امریکی سامراج اور ٹرمپ کی ثالثی میں عرب ریاستیں ناجائز صہیونی ریاست کو تسلیم اور سیاسی وسفارتی روابط بحال کرکے فلسطینی مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہیں، امت مسلمہ کے تمام مسائل پر توانا آواز پاکستان کے عوام کی ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ صہیونی، برہمن اور مغربی طاغوتی قوتیں پاکستان میں کبھی فرقہ واریت، کبھی لسانیت تو کبھی دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرکے ارض پاک کے عوام کے خون سے ہولی کھیلتی ہیں لیکن اب پاک وطن کے عوام بیدار ہوچکے ہیں اور ان شاء اللہ علما ومشائخ اپنے اتحاد ویکجہتی اور روحانی فیض سے اغیار کی سازشوں کو ناکام اور امت کو اتحاد کی لڑی میں پروئیں گے۔اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری پیرزادہ برہان الدین،صوبائی کنوینر حافظ نصراللہ عزیز نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثنا پیر محبوب کوریجہ کی قیادت میں علما ومشائخ کے وفد نے درگاہ بھرچونڈی شریف کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے پیر میاں عبدالحق عرف میاں مٹھو سے ملاقات کرکے عالم اسلام سمیت باہمی امور کی دلچسپی کے معاملات پر بھی گفتگو کی۔