حیدر آباد : بارش کے 20روز بعد بھی سڑکوں پر گڑھے ، حادثات بڑھ گئے

486

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد اور لطیف آباد کی اہم ترین شاہراہیں بارش کے 20 روز بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار، آٹو بھان روڈ میں پڑے کئی کئی فٹ گڑھوں نے یہاں سے گزرنے والوں کی زندگی مشکل کردی، کئی کئی فٹ گہرے گڑھے حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ گدو چوک سے پونے سات نمبر تک یہ ہی صورتحال ہے، جس کے باعث یہاں سے گزرنے والوں اور بالخصوص بزرگ وخواتین کو سخت دشواری کا سامنا ہے۔ لطیف آباد نمبر 6 کا مین روڈ تباہ حال ہے، یونٹ نمبر 12 ایئر پورٹ روڈ کی حالت کافی عرصے سے خراب ہے، بڑے بڑے گڑھے رات کے وقت حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ حالی روڈ، نورانی بستی، اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی صورتحال خراب ہے جبکہ یہاں سے منتخب ہونے والے نمائندوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آٹو بھان روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کرائی جائے۔