لاڑکانہ ،پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن ،7 ملزمان گرفتار

149

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 7 ملزمان کو گرفتار کرکے چرس، بھنگ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ رتو ڈیرو پولیس نے دوران چیکنگ جیکب آباد روڈ سے منشیات فروش جیون ملک کو دو کلو چرس سمیت، چوری کے مقدمے میں مطلوب ملزم فاروق جلبانی کو، دھامراہ پولیس نے اشتہاری ملزم احسان کو، بقاپور پولیس نے دوران چیکنگ اشتہاری ملزم نصیر جتوئی کو، نوحانی پھاٹک کے قریب ملزم صدام سانگی کو بھنگ سمیت، عاقل پولیس نے اشتہاری ملزم صابر جتوئی کو اور نوڈیرو پولیس نے دوران گشت جت بھٹا لاڑو کے قریب منشیات فروش آصف میرانی کو بھنگ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری جانب ڈوکری پولیس نے شہری پروفیسر محمد ہاشم کی چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرکے مالک کے حوالے کردی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حد میں رشتہ داری کے تنازع پر مبینہ طور پر نوجوان بیٹے نے اپنے ضعیف والد کو چاقوئوں کے وار سے زخمی کردیا، جسے ورثاء کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا۔ اس موقع پر زخمی شخص غلام شبیر لونڈ نے بتایا کہ سال قبل میں نے اپنی بیٹی کا رشتہ بھٹو برادری کے نوجوان کے ساتھ طے کیا تاہم اب میں نے اپنی بیٹی کا رشتہ دینے سے انکار کیا جس پر بیٹے غلام مرتضیٰ نے طیش میں آکر مجھے چاقوئوں کے وار کرکے زخمی کردیا۔ اسپتال میں موجود زخمی شخص کے بیٹے غلام مرتضیٰ لونڈ نے بتایا کہ میرے والد زبردستی بہن کی شادی دیگر برادری میں کروانا چاہتے ہیں، منع کرنے پر انہوں نے خود کو زخمی کرکے بعد میں مجھ پر الزام عائد کررہے ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔