بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کیلئے انتخابات ناگزیر ہیں،جاوید قصوری

151

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اقتدار کو عوامی سطح تک منتقل اور بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کے لیے ملک میں فوری بلدیاتی انتخابات ناگزیر ہیں۔ عدالت عظمیٰ کی آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کے حوالے سے تشویش درست ہے۔ حکمران پاور شیئرنگ سے خائف نظر آتے ہیں۔ مختلف حیلوں بہانوں سے بلدیاتی انتخابات کا مسلسل التواء آئین وقانون کی خلاف ورزی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ایسی کوئی ایک بات بھی نہیں جو ان کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہو۔ المیہ یہ ہے کہ نااہل حکمران عوام کے ساتھ جھوٹ بول کر بر سر اقتدار آئے ہیں اور متواتر ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے تباہ حال، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ لاہور موٹر وے کا مرکزی مجرم عابد پندرہ روز گزر جانے کے باوجود تاحال گرفتار نہیں ہوسکا جو کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی حکومت کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ صوبے کے 11 کروڑ عوام بے یار و مددگار اور حالات کے رحم و کرم پر ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام کو درپیش مسائل بڑھتے جارہے ہیں جبکہ حکمران محض زبانی کلامی اقدامات تک محدود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں، جس کے اثرات دور رس ہوں اور ان سے عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔