اسلام و نظریہ پاکستان ہی ملکی ترقی اور سالمیت کی ضمانت ہیں،علماء مشائخ

121

سکھر (نمائندہ جسارت) علما مشائخ رابطہ کونسل اپر سندھ کے ضلعی ذمے داران کا اجلاس سکھر میں مرکزی صدر میاں مقصود احمد خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں سکھر ولاڑکانہ ڈویژن کے ضلعی ذمے داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نومبر میں متوقع علما مشائخ کنونشن کی منصوبہ بندی ودیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ علما مشائخ رابطہ کونسل کے مرکزی چیئرمین ودرگاہ کوٹ مٹھن شریف کے سجادہ نشین و روحانی شخصیت پیر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ونظریہ پاکستان ہی ملک کی ترقی اور سا لمیت کی ضمانت ہیں، ملک کی شناخت ونظریہ پاکستان پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ دستور پاکستان پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نکالا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت امت مسلمہ کو تقسیم کیا جارہا ہے، ایک جانب ہندو سامراج گزشتہ 67 سال سے جنت نظیر کشمیر کی وادی پر قابض اور ایک کروڑ مسلمانوں کو شدید مظالم کا نشانہ بنائے ہوئے ہے تو دوسری جانب ارض مقدس قبلہ اول پر صیہونی ناجائز ریاست نے ظلم وستم کے پہاڑ توڑ دیے، اس کے باوجود امریکی سامراج اور ٹرمپ کی ثالثی میں عرب ریاستیں ناجائز صیہونی ریاست کو تسلیم اور سیاسی وسفارتی روابط بحال کرکے فلسطینی مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہیں۔ امت مسلمہ کے تمام مسائل پر توانا آواز پاکستان کے عوام کی ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ صیہونی، برہمن اور مغربی طاغوتی قوتیں پاکستان میں بھی فرقہ واریت، کبھی لسانیت تو کبھی دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرکے ارض پاک کے عوام کے خون سے ہولی کھیلتے ہیں لیکن اب پاک وطن کے عوام بیدار ہوچکے ہیں، علما ومشائخ اپنے اتحاد ویکجہتی اور روحانی فیض سے اغیار کی سازشوں کو ناکام اور امت کو اتحاد کی لڑی میں پروئیں گے۔ اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری پیرزادہ برہان الدین، صوبائی کنوینر حافظ نصراللہ عزیز نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء پیر محبوب کوریجہ کی قیادت میں علما ومشائخ کے وفد نے درگاہ بھرچونڈی شریف کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے پیر میاں عبدالحق عرف میاں مٹھو سے ملاقات کرکے عالم اسلام سمیت باہمی امور کی دلچسپی کے معاملات پر بھی گفتگو کی۔